سنبھل، 13؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )سنبھل کوچ کا اعلان کرنے والے سدرشن چینل کے ایڈیٹر ، سی ایم ڈی اور منیجنگ ڈائریکٹر سریش چوہان کو فلمی انداز میں لکھنؤ ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔جس وقت سرولینس ٹیم نے انہیں گرفتار کیا ، اس وقت ملزم چوہان بورڈنگ پاس لے چکے تھے اور جیٹ ایئر ویز کی دہلی جا رہی فلائٹ نمبر 9ڈبلیو 753میں بیٹھنے جا رہے تھے۔انہوں نے سنبھل کوچ کرنے کا اعلان کیا تھا، اس کے پیش نظر سنبھل میں سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔سریش چوہان کی گرچہ گرفتاری ہو گئی ہو ،لیکن دیگر تنظیموں کی کسی بھی ممکنہ سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے پورے ضلع میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔آس پاس کے اضلاع سے بھی پولیس فورس کو طلب کرلیا گیا ہے۔سریش چوہان نے پانچ دن پہلے اپنے چینل پر پروگرام کے دوران جمعرات 13؍اپریل کو سنبھل پہنچنے کا اعلان کیا تھا۔چوہان پر الزام ہے کہ اپنے پروگرام میں انہوں نے قابل اعتراض باتیں کہی تھیں۔اس کا نوٹس لیتے ہوئے سریش چوہان سمیت تین لوگوں کے خلاف کوتوالی سنبھل میں مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا۔سنبھل کوچ کے اعلان کے پیش نظر پولیس نے حساس علاقوں میں سیکورٹی سخت کردی ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ روی شنکر چھوی نے بتایا کہ سنبھل ضلع کی سرحدیں سیل رہیں گی۔ضلع میں داخل ہونے والوں کی سخت چیکنگ کی جائے گی، سیکورٹی کا دوسرا گھیرا شہر کی سرحد پر رہے گا اور شہر میں داخل ہونے پر بھی پولیس تفتیش کرے گی، تیسرا گھیرا اس مذہبی مقام کے پاس رہے گا، جہاں پہنچنے کی بات کہی گئی تھی،اور شہر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی تو پولیس سختی سے پیش آئے گی۔